کراچی پورٹ کے قریب بحری حادثہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا: وفاقی وزیر بحری امور

image

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کے قریب پیش آنے والے بحری حادثے سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ بندرگاہ کی حدود سے باہر پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو غیر ملکی بحری جہازوں کے درمیان ہونے والے حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

وفاقی وزیر کے مطابق 28 مئی کی شب پیش آنے والا یہ واقعہ دونوں جہازوں کے ماسٹرز کی غفلت کے باعث رونما ہوا، جس کی مکمل رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ کیبل بچھانے والے جہاز کو کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے ٹگس کی مدد سے بحفاظت بندرگاہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

جنید انوار چوہدری نے بندرگاہ پر بروقت ردعمل اور مؤثر انتظامات پر عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بحری سلامتی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

چیئرمین کراچی پورٹ کے مطابق بندرگاہ پر بحری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ایڈمرل شاہد احمد نے بتایا کہ متاثرہ جہاز کو ہر ممکن تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US