قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام صوبوں کو وسائل اور اختیارات میں برابر حصہ دینا ناگزیر ہے۔
چمن میں گورنمنٹ ماڈل اسکول گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی اور انتظامی بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ 1973 کے آئین کی اصل روح کے مطابق اس کی بحالی ہے، اور منتخب پارلیمنٹ کو ہی اصل طاقت کا سرچشمہ تسلیم کیا جانا چاہیے۔
محمود خان اچکزئی نے افغانستان کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، جبکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ضروری ہیں۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ فری زونز کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں کی معاشی بہتری کے لیے ٹیکس میں رعایت دی جانی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقوام کو مساوی حقوق ملنے چاہئیں، اور جب تک چاروں صوبوں کو وسائل اور اختیارات میں برابری نہیں دی جاتی، ملک حقیقی ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتا۔