سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی پیٹرولیم ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں لیٹر پیٹرول اور ڈیزل ضبط کر لیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق حب کے علاقے میں ایک آئل ڈپو پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا پیٹرول اور ڈیزل برآمد ہوا۔
اوگرا حکام کے مطابق مذکورہ نجی آئل ڈپو کے پاس نہ تو مطلوبہ لائسنس موجود تھا اور نہ ہی وزارت دفاع کا این او سی حاصل کیا گیا تھا، جس پر اسے فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ضبط شدہ پیٹرول اور ڈیزل کو ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی پیٹرولیم اسٹوریج اور غیر مجاز سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔