حج سے وطن واپسی پر حجاج کرام کے لیے سامان اور آبِ زم زم سے متعلق نئی پالیسی جاری کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق کسی بھی حاجی کو اپنے ذاتی سامان کے ساتھ آبِ زم زم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حجاج کرام کو 5 لیٹر آبِ زم زم وطن واپسی پر پاکستان کے ایئرپورٹس پر فراہم کیا جائے گا، جبکہ سعودی ایئرلائنز کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو آبِ زم زم کی بوتل سعودی عرب کے ایئرپورٹ پر ہی دی جائے گی۔
پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی پاکستانی ایئرلائنز سے سفر کرنے والے حجاج کرام 40 کلو گرام تک سامان اپنے ساتھ لاسکیں گے، جبکہ سعودی ایئرلائنز کے مسافروں کے لیے 46 کلو گرام سامان کی اجازت ہوگی۔
حکام کے مطابق پاکستانی اور سعودی ایئرلائنز کے تمام مسافروں کے لیے 7 کلوگرام ہینڈ کیری سامان کی سہولت بدستور برقرار رہے گی۔
حج انتظامات کے ذمہ دار حکام نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی اور واپسی کے دوران سامان کے مقررہ وزن اور دیگر قواعد و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ سفری مراحل بغیر کسی دشواری کے مکمل ہوسکیں۔