گلگت بلتستان انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے لیے پنجاب پولیس سے اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے، جس کے تحت 5 ہزار اہلکار مختلف اضلاع سے گلگت بلتستان بھیجے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق رائٹ مینجمنٹ فورس کے 1500 اہلکار انتخابی سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے 1242 اور پنجاب ہائی وے پیٹرول کے 1958 اہلکار بھی گلگت بلتستان تعینات کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کے 300 اہلکار بھی انتخابی سیکیورٹی کے لیے روانہ کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں اے آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ کو باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ اہلکاروں کی منتقلی کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور تعینات کیے جانے والے عملے کی تفصیلات متعلقہ سی پی او کو بھی ارسال کی جائیں۔
حکام کے مطابق انتخابی عمل کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔