رویت ہلال ریسرچ کونسل نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں 15 جون 2026ء کی شام نئے چاند کی رویت کے امکانات موجود نہیں ہیں۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم غروب آفتاب کے وقت پاکستان کے تمام علاقوں میں چاند کی عمر 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جو رویت ہلال کے لیے درکار کم از کم عمر سے خاصی کم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے یا اس سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، لیکن چاند کی کم عمر کے باعث اس کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔
خالد اعجاز مفتی کے مطابق مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام چاند کو ننگی آنکھ، دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو متوقع ہے۔ تاہم کونسل نے واضح کیا ہے کہ نئے اسلامی سال کے آغاز اور محرم الحرام کے چاند کی رویت کا حتمی اور شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔