ایم کیو ایم الزامات کے ذریعے سیاست چمکانے کی کوشش کررہی ہے، شرجیل میمن

image

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان بے بنیاد الزامات اور پرانی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مذکورہ جماعت کی سیاست ہمیشہ نعروں، الزامات اور بحرانوں کے گرد گھومتی رہی ہے اور آج بھی وہی طرزِ عمل دہرایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمختاری، آئینی اختیارات اور بلدیاتی نظام کو متنازع بنانے میں ایم کیو ایم کا کردار نمایاں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے حکومت سندھ کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں، جنہیں کسی بھی قسم کے پروپیگنڈے سے جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ ان کے مطابق یلو لائن، شاہراہ بھٹو اور دیگر اہم منصوبے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ سندھ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کسی عوامی مقام یا منصوبے سے متعلق قانونی یا انتظامی نوعیت کے مسائل کا حل متعلقہ اداروں اور عدالتوں کے ذریعے ہونا چاہیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو عناصر ماضی میں اپنی ناقص انتظامیہ اور مفاداتی سیاست کے باعث شہری مسائل میں اضافے کا سبب بنے، وہ آج خود کو عوام کا نجات دہندہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات، مالی وسائل اور قانونی معاونت فراہم کی ہے تاکہ مقامی سطح پر عوامی مسائل بہتر انداز میں حل کیے جاسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کسی ایک سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں بلکہ پاکستان کا معاشی مرکز ہے، جبکہ ترقیاتی اقدامات پر مسلسل تنقید کرنے والے عناصر درحقیقت اپنے سیاسی زوال کا اعتراف کررہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US