کراچی میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آج سے ای چالان کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں صرف شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے ای چالان جاری کیے جائیں گے، تاہم مستقبل میں اس نظام کا دائرہ کار شہر کی دیگر اہم شاہراہوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موٹر سائیکل سوار، کار ڈرائیورز اور بسیں اپنی مقررہ لین میں سفر کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قبل شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم بھی چلائی گئی تھی، جبکہ ٹریفک کے بہتر نظام کے لیے عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔
ترجمان کے مطابق لین کی پابندی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ سڑکوں پر حادثات میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔