اسلام آباد میں توانائی کے تحفظ اور بجلی کی بچت کے لیے مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آج سے تمام مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، اسپتال، پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور معمول کے مطابق کھلے رہ سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، تندور، کریانہ اسٹورز اور بیکریاں رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھ سکیں گی، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں عیدالاضحیٰ کے دوران دی گئی رعایت ختم ہونے کے بعد مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے اوقاتِ کار پر پابندی دوبارہ نافذ ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق اوقاتِ کار میں نرمی صرف یکم جون تک دی گئی تھی، جس کے بعد دو جون سے کاروباری مراکز سابقہ شیڈول کے مطابق بند کیے جائیں۔