وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملاقات کی، جس میں وزارت صحت سے متعلق امور اور جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت نے وزیراعظم کو شعبہ صحت میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کو سراہتے ہوئے وزارت صحت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیو اور ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی امراض کے خاتمے کے لیے وزارت کی کوششوں کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔