ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، درجہ حرارت میں کمی کا امکان

image

محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کی توقع ظاہر کی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق 2 جون سے ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے زیر اثر مختلف علاقوں میں دو سے تین روز تک بارشیں متوقع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے نتیجے میں گرمی کی شدت میں عارضی کمی آئے گی اور درجہ حرارت میں کچھ حد تک کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ تاہم جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان برقرار رہے گا۔

عرفان ورک نے خبردار کیا کہ ماہ جون کے آخری ہفتوں میں شدید ہیٹ ویو کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے اس نئے سلسلے سے بعض علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US