چاروں صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 3 ہزار 138 ارب روپے کرنے کی تجویز

image

اسلام آباد: نئے مالی سال 2026-27 کے لیے چاروں صوبوں کے مجموعی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں 76 ارب روپے اضافے کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس کے تحت صوبے مجموعی طور پر 3 ہزار 138 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کریں گے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی ترقیاتی پروگرامز کے لیے 2 ہزار 478 ارب روپے مقامی وسائل جبکہ 660 ارب روپے بیرونی امداد سے حاصل کیے جائیں گے۔

پنجاب نے ایک بار پھر سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا ہے۔ صوبے کا سالانہ ترقیاتی پروگرام 1 ہزار 450 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 95 ارب روپے زیادہ ہے۔ پنجاب اپنے وسائل سے 1 ہزار 306 ارب روپے جبکہ بیرونی امداد کی مد میں 144 ارب روپے خرچ کرے گا۔

سندھ حکومت نے نئے مالی سال کے لیے 816 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی تجویز دی ہے، جس میں 520 ارب روپے مقامی وسائل اور 296 ارب روپے غیر ملکی امداد سے فراہم کیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 564 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس رقم میں 377 ارب روپے مقامی وسائل جبکہ 187 ارب روپے بیرونی معاونت سے حاصل ہوں گے۔

بلوچستان حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے 308 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا ہے، جس میں 275 ارب روپے مقامی وسائل اور 33 ارب روپے بیرونی امداد شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق چاروں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم 3 ہزار 138 ارب روپے ہوگا، جو موجودہ مالی سال کے مقابلے میں 76 ارب روپے زیادہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US