وفاقی بجٹ: آئی ٹی سیکٹر کے ترقیاتی فنڈز میں تین گنا اضافے کی تجویز

image

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ترقیاتی بجٹ میں نمایاں اضافہ تجویز کر دیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق وزارتِ آئی ٹی کے لیے 71 ارب 84 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا سے زائد ہے۔ سرکاری شعبہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں وزارت کے 20 منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن میں 12 جاری اور 8 نئے منصوبے شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق جاری منصوبوں کے لیے 32 ارب 13 کروڑ روپے جبکہ نئے منصوبوں کے لیے 39 ارب 71 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزارتِ آئی ٹی نے اپنے پانچ اہم منصوبوں کے لیے 37 ارب 79 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے سات جاری منصوبوں کے لیے 24 ارب 39 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد آئی ٹی پارک منصوبہ 72 فیصد مکمل ہونے کے بعد آئندہ مالی سال میں مزید 6 ارب 73 کروڑ روپے کا متقاضی ہے۔ کراچی آئی ٹی پارک منصوبے کے لیے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

بجٹ تجاویز میں اسٹارٹ اپس اور وینچر ایکو سسٹم کے فروغ کے لیے ایک ارب 80 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ قومی سیمی کنڈکٹر ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ پروگرام کے لیے ایک ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کرنے کی تجویز شامل ہے۔

اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے اپنے چار منصوبوں کے لیے 2 ارب 67 کروڑ روپے مانگے ہیں، جبکہ دور افتادہ علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے لاگت کا نیا منصوبہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے تین منصوبوں کے لیے 74 کروڑ 30 لاکھ روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں، جبکہ اگنائٹ کے نئے منصوبے کے لیے 3 ارب روپے اور قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ کے لیے 3 ارب 24 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US