کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کر دی گئی ہے اور شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ای چالان کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق یکم جون سے جدید ای چالان سسٹم کے ذریعے لین کی خلاف ورزی کرنے والی سیکڑوں گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ کارروائی کے دوران فاسٹ ٹریک میں سفر کرنے والی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور کمرشل گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال دائیں جانب دوسری لین استعمال کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کو چالان نہیں بھیجے جا رہے تاہم مستقبل میں اس لین میں آنے والی موٹرسائیکلوں اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت کی کہ موٹرسائیکل سوار اور کمرشل گاڑیاں تیسرے اور چوتھے ٹریک تک محدود رہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں لین کی خلاف ورزی پر ای چالان کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔