آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع

image

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نیا موسمی سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث آئندہ دو سے تین روز تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم رہے گا تاہم شام کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول بٹگرام، ایبٹ آباد، کالام، سوات، مالاکنڈ، بنوں اور کوہاٹ میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے متعدد شہروں بہاولپور، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور، سرگودھا، اٹک، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور فیصل آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مری اور گلیات میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم بعض جنوبی علاقوں میں جزوی بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے جنوبی حصوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی البتہ نصیرآباد، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل اور خضدار میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا ہے کہ 2 جون سے ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا جس کے زیر اثر مختلف علاقوں میں دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US