خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے الپورئی میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 6 بچے جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب اچانک مکان کی چھت منہدم ہو گئی اور گھر میں موجود بچے ملبے تلے دب گئے۔
مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے بچوں کو ملبے سے نکالا، تاہم 6 بچے اسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے جاں بحق بچوں کی شناخت ناظرہ، سمیرا، رضوان، نایاب، حیا نور اور عمیرہ بی بی کے ناموں سے کی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان تھیں، جن میں پانچ لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ بچوں کے والد کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا تھا اور خاندان کچے مکان میں رہائش پذیر تھا۔