بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن مزید آسان، نادرا کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

image

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بچوں کی پیدائش کے اندراج کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے نیا برتھ نوٹیفکیشن ٹول متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت نومولود کی پیدائش کے فوراً بعد والدین کو خودکار ایس ایم ایس اطلاع موصول ہوگی اور قانونی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر شروع ہو جائے گا۔

نادرا کے مطابق نئے نظام کے تحت سرکاری اور نجی اسپتالوں اور طبی مراکز میں بچے کی پیدائش کے ساتھ ہی والدین کے موبائل فون پر اطلاع بھیجی جائے گی جس سے پیدائش کے اندراج اور سرکاری دستاویزات کے حصول میں نمایاں آسانی اور تاخیر میں کمی آئے گی۔

نادرا کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے شہری اندراج کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے جہاں شناخت کا عمل پیدائش کے وقت ہی شروع ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں بچوں کی ابتدائی رجسٹریشن میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ رہی ہے۔

حکام کے مطابق یہ نظام سرکاری اور نجی اسپتالوں کے تعاون سے نافذ کیا گیا ہے اور والدین کو موصول ہونے والا ایس ایم ایس ابتدائی ریکارڈ کے طور پر کام کرے گا جو یونین کونسل میں پیدائش کے اندراج کے عمل میں معاون ہوگا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں والدین کو یونین کونسل سے پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا جو تمام قانونی دستاویزات کی بنیاد تصور کیا جاتا ہے۔ والدین شناختی کارڈ، ہسپتال ریکارڈ یا نادرا کے ایس ایم ایس کی مدد سے یہ عمل مکمل کر سکیں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت Pak Identity کے ذریعے پنجاب اور سندھ میں فعال کر دی گئی ہے جبکہ بلوچستان میں اس کی توسیع جاری ہے، اور خیبر پختونخوا میں اسے متعلقہ منظوریوں کے بعد نافذ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US