وزیراعظم سے معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کی ملاقات، بجٹ تجاویز پر مشاورت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ، معاشی ترقی اور کاروباری ماحول میں بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور دنیا بھر میں ملک کی نمائندگی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری ہی پائیدار معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی سے معیشت مزید مستحکم ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے تکنیکی اور فنی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران حکام نے کاروبار، صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس مقدمات کے جلد فیصلوں کے لیے ٹیکس ٹریبونلز میں اصلاحات کی گئی ہیں اور شفاف طریقہ کار کے تحت بھرتیاں مکمل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیشل کمرشل کورٹس کے قیام کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کے لیے موٹروے ایم-10 کی اپ گریڈیشن اور پیپری فریٹ کوریڈور پر کام جاری ہے، جبکہ موٹروے ایم-13 (کھاریاں تا راولپنڈی) کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفری وقت میں کمی آئے گی۔ پاکستان ریلوے کی ایم ایل-1 اور ایم ایل-2 منصوبوں کی اپ گریڈیشن سے تجارتی سامان کی ترسیل مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نیشنل اے آئی ٹرانسفارمیشن پلان تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ شوگر اور سیمنٹ سیکٹر میں ویڈیو اینالیٹکس نظام کی تنصیب سے حکومتی محصولات میں بہتری آئی ہے۔

وفد نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی ٹیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ کاروباری رہنماؤں نے معاشی استحکام، ٹیکس اصلاحات، کاروباری آسانیوں، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دستاویزی معیشت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

کاروباری شخصیات نے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگیوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے آئندہ بجٹ کی تیاری میں کاروباری برادری کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو بھی سراہا اور قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء، گورنر اسٹیٹ بینک، اٹارنی جنرل، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US