شہر قائد میں شدید گرمی کے موسم کے دوران گھنٹوں بجلی کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ کا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کو اس صورتحال پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں اور لوڈشیڈنگ سے متعلق کمپنی سے ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب، کے الیکٹرک نے شہر میں جاری طویل لوڈشیڈنگ کا ملبہ کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر ڈال دیا ہے۔ کے الیکٹرک کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ شہر میں مختلف بلدیاتی اور شہری اداروں کے ترقیاتی کاموں کے باعث مقامی نوعیت کے فالٹس (تکنیکی خرابیاں) رپورٹ ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا۔ ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ لوڈشیڈنگ قومی بجلی پالیسی 2021 کے ضوابط کے عین مطابق کی جا رہی ہے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں سامنے آنے والے تکنیکی فالٹس کے فوری ازالے کے لیے فیلڈ ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور کمپنی نیپرا اتھارٹی کی تمام ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے اپنی تفصیلی رپورٹ مقررہ وقت میں ریگولیٹر کو جمع کرائے گی۔