فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی کی دو بڑی بندرگاہوں، پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ (کے پی ٹی) پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مختلف تجارتی جہازوں کے عملے کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ مئی کے مہینے کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر عائد کیے گئے 70 لاکھ روپے کے جرمانے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مختلف بحری جہازوں کے عملے پر نہ صرف جرمانے عائد کیے گئے بلکہ ان کی کامیابی سے وصولی بھی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 6 تجارتی جہازوں کے 14 ارکان کے خلاف عمل میں لائی گئی۔
قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث جہازوں کے اس عملے کا تعلق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، فلپائن، شام، میانمار اور یونان سے ہے۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے ان تمام جرمانوں کی رقم وصول کر کے سرکاری خزانے میں منتقل کردی گئی ہے۔