کراچی ٹریفک پولیس نے شارع فیصل پر لین خلاف ورزیوں کے خلاف فیس لیس انفورسمنٹ کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے صرف دو روز میں 169 ای چالان جاری کر دیے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق یکم جون سے جدید سسٹم کے ذریعے لین خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف خودکار کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے قبل شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک ماہ پر مشتمل مہم بھی چلائی گئی تھی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل پر کمرشل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے لیے بائیں جانب کی دو لینز مختص کی گئی ہیں جبکہ نجی اور تیز رفتار گاڑیوں کو دائیں جانب کی لینز استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لین خلاف ورزی پر مختلف گاڑیوں کے لیے الگ الگ جرمانے مقرر کیے گئے ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں پر 2 ہزار 500 روپے، نجی گاڑیوں پر 5 ہزار روپے، بسوں پر 7 ہزار 500 روپے جبکہ ہیوی ٹریفک گاڑیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اس کارروائی کا مقصد شارع فیصل پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا، حادثات کی روک تھام اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو فروغ دینا ہے۔