ایم کیو ایم کا شیڈو بجٹ پیش، پٹرولیم لیوی ختم اور سرمایہ داروں سے ٹیکس وصولی کا مطالبہ

image

متحدہ قومی موومنٹ نے آئندہ مالی سال کے لیے اپنا شیڈو بجٹ پیش کرتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم لیوی فوری ختم کرنے، سرمایہ دار طبقے سے مؤثر ٹیکس وصولی اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے عوام دوست شیڈو بجٹ تیار کیا ہے جس کا مقصد عام شہریوں، متوسط طبقے اور چھوٹے کسانوں کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواہ دار مڈل کلاس پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے جبکہ چھوٹے کسانوں اور ہاریوں کے لیے خصوصی مراعات اور سہولتوں کا اعلان کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قوتِ خرید مسلسل کم ہو رہی ہے جس کے باعث عوام شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری ملکی بقا کا معاملہ ہے اور معیشت میں موجود جمود کو ختم کرنے کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس کا بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر ڈالنے کے بجائے بڑے سرمایہ داروں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US