اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام عالمی توجہ کا مرکز، مختلف ممالک اور ورلڈ بینک کی دلچسپی

image

پنجاب حکومت کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے جبکہ کینیڈا، سعودی عرب، ترکی سمیت مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں نے منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق ورلڈ بینک کا مشن جلد پنجاب کا دورہ کرے گا، جہاں اس پروگرام کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو سود سے پاک ہاؤسنگ فنانس کے نمایاں عالمی ماڈلز میں شمار کیا جا رہا ہے اور بین الاقوامی ماہرین نے اسے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سستی اور سماجی ہاؤسنگ فنانس کے شعبے میں ایک اہم مثال کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جبکہ پروگرام کی تیاری میں مختلف ممالک کے کامیاب ہاؤسنگ ماڈلز سے بھی رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق آذربائیجان کے شہر باکو میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم کے دوران بھی پنجاب کی ہاؤسنگ پالیسیوں کو بھرپور پذیرائی ملی، جہاں پاکستانی پویلین کے ذریعے بین الاقوامی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ اہم روابط قائم ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US