وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلا دھار بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز ایف-8، ایف-10، جی-9 اور دیگر علاقوں سمیت گرد و نواح میں تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں مجموعی طور پر 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 39 ملی میٹر، ایچ-8 میں 32 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 28 ملی میٹر اور کٹاریاں میں 26 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارش کا سلسلہ آج اور کل بھی جاری رہ سکتا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بھکر، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گرد و نواح میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔