حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا نیا ٹیرف متعارف کرانے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جس کے تحت کم بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں پر زیادہ فکسڈ چارجز جبکہ زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کو رعایتی نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی ٹیرف پالیسی کا مقصد صنعتوں کو قومی گرڈ سے منسلک رکھنا اور گرڈ کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس سلسلے میں صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 6 سے 8 سینٹ فی یونٹ تک لانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی آئندہ دو ماہ کے دوران نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔ حکومت نے اس منصوبے کی تفصیلات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بھی شیئر کردی ہیں، جبکہ آئی ایم ایف نے بجلی کے استعمال اور قومی گرڈ سے علیحدہ ہونے والی صنعتوں سے متعلق تفصیلی ڈیٹا طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس پالیسی کا اطلاق صرف صنعتی صارفین پر کیا جائے گا، تاہم بعدازاں اسے کمرشل اور گھریلو صارفین تک بھی توسیع دی جاسکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ پالیسی کے نتیجے میں بجلی کی طلب میں تقریباً ایک ہزار میگاواٹ اضافہ متوقع ہے۔ ان کے مطابق قومی گرڈ کے اخراجات پورے کرنے اور صنعتوں کو گرڈ سے بجلی حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔