وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس نے مشکل حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔