نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، تیز ہواؤں، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر موسمیاتی الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کی تنصیبات اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خطرہ موجود ہے، جس سے متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس اور استور میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جبکہ شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زمین کھسکنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیتے ہوئے مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق شگر روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور بعض مقامات پر راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ متاثر ہونے والی اہم شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ-اسکردو روڈ بھی شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا ہے کہ کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے مختلف علاقوں میں سفری سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں۔ ادارے نے شہریوں اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔