پنجاب کابینہ کی 16 سالہ نوجوانوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری

image

پنجاب کابینہ نے 16 سال عمر کے نوجوانوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے 16 سالہ افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن محکمہ قانون کو ارسال کردیا ہے۔ توقع ہے کہ محکمہ قانون پیر کے روز اس حوالے سے باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

مجوزہ قواعد کے تحت 16 سال عمر کا لائسنس ہولڈر صرف موٹرسائیکل چلانے کا مجاز ہوگا اور وہ موٹرسائیکل پر اپنے پیچھے صرف ایک مسافر بٹھا سکے گا۔

فیصلے کے مطابق 16 سالہ نوجوانوں کو موٹرسائیکل رکشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کا لائسنس صرف موٹرسائیکل تک محدود رہے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ڈرائیونگ کی سہولت فراہم کرنا اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنانا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US