سیکیورٹی فورسز نے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جہاں فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور ایک گاڑی بھی برآمد کرلی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن کے قیام تک انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔