پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے آنے والی شدید آندھی اور تیز ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 15 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ 13 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بہاولپور کے علاقے چنن پیر میں دیوار گرنے سے 15 سالہ اللہ وسائی جان کی بازی ہار گئی۔ اندرون شہر ایک اور واقعے میں دیوار گرنے سے دو بچے زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آندھی کے باعث متعدد مکانات کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں۔ غنی گوٹھ اور سی پیک روڈ پر چھتیں گرنے کے واقعات میں دو خواتین زخمی ہوئیں، جبکہ فتو والی میں سولر پلیٹیں گرنے اور جھانگی والا روڈ پر درخت گرنے سے مزید چھ افراد زخمی ہوئے۔
شدید آندھی کے دوران ذخیرہ جنگل اور بھٹہ خشت کے قریب توڑی میں آگ بھی بھڑک اٹھی، جس پر امدادی ٹیموں نے تقریباً دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پالیا۔
ادھر تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور درخت گرنے سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا۔ بہاولپور شہر کے چار سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے اور جلد بجلی بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔