نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی صارفین کے لیے ایک جانب ریلیف جبکہ دوسری جانب نرخوں میں اضافے کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
نیپرا کے مطابق مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جس سے صارفین کو مجموعی طور پر 68 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔ یہ کمی جون، جولائی اور اگست کے بجلی بلوں میں شامل کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق لائف لائن صارفین، انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کے تحت آنے والے صارفین اور پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے صارفین اس ریلیف سے مستفید نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب نیپرا نے اپریل 2026 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ اضافہ ملک بھر کے صارفین سے جون کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز، لائف لائن صارفین اور پری پیڈ صارفین کو اس اضافے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
یوں بجلی صارفین کو ایک طرف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں ریلیف ملے گا، جبکہ دوسری جانب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث جون کے بلوں میں اضافی ادائیگی بھی کرنا ہوگی۔