وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں کراچی کے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دستاویز کے مطابق گرین لائن بس منصوبے کے لیے 1 ارب 98 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ شہر میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور پانی کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔
ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 26 کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد کے لیے 37 کروڑ روپے، جبکہ لانڈھی، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
دستاویز کے مطابق ضلع وسطی کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے اور ضلع کورنگی و ملیر کے لیے 5 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مزید براں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے لیے 40 کروڑ روپے، نیشنل ریسرچ اینڈ فرٹیلیٹی کیئر اپ گریڈیشن کے لیے 39 کروڑ روپے اور نیشنل یونیورسٹی آف نرسنگ کراچی کے قیام کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔