آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں میں تیزی آگئی ہے، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم سیاسی مشاورت کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم سے کسی بھی ممکنہ ملاقات سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے مشاورت کریں گے۔ وہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم مکمل کرنے کے بعد کل اسلام آباد پہنچیں گے، تاہم اسی روز ان کی کراچی روانگی بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال بلاول بھٹو زرداری کی کسی حکومتی شخصیت یا وزیراعظم سے ملاقات طے نہیں ہوئی، تاہم کراچی میں قیام کے دوران وہ صدر مملکت سے بجٹ اور سیاسی امور پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری بجٹ اجلاس سے قبل دوبارہ اسلام آباد آئیں گے، جہاں وزیراعظم اور دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ان کی ملاقاتوں کا امکان ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق وفاقی بجٹ سے قبل حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت کا عمل آئندہ دنوں میں مزید اہمیت اختیار کرسکتا ہے، کیونکہ بجٹ کی منظوری کے لیے حکومتی اتحاد میں ہم آہنگی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔