آزاد کشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دے دیا

image

آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اس کے متبادل ناموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت فرسٹ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد تنظیم کو کالعدم قرار دیا گیا۔

حکومتی مؤقف کے مطابق تنظیم کے خلاف امن و امان کو نقصان پہنچانے، ریاست میں انتشار پیدا کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور نفرت انگیزی کے معقول شواہد موجود ہیں، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ کالعدم قرار دی گئی تنظیم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی تھی جس پر حکومت نے خبردار کیا تھا کہ امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US