پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے جدید کیو آر پینک بٹن سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کے لیے سفر کو مزید محفوظ بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ سسٹم بسوں، ویگنوں، رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب کیا جائے گا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے تیار کردہ یہ نظام شہریوں کے لیے پبلک سیفٹی ایپ اور سیف سٹی ویب سائٹ کے ذریعے مفت دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ سسٹم ٹرانسپورٹ سیفٹی کے جدید ترین اقدامات میں سے ایک ہے، جس میں ایک ہی پلیٹ فارم پر متعدد حفاظتی فیچرز کو یکجا کیا گیا ہے۔ ان فیچرز میں کال، ویڈیو کال، لائیو چیٹ، لوکیشن شیئرنگ، گاڑی کی تصدیق اور فوری پولیس رسپانس سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔
سسٹم کے تحت مسافر کیو آر کوڈ اسکین کرکے گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مسافر ایک بٹن کے ذریعے 15 پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطہ کرسکیں گے۔ اس دوران مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا خودکار طور پر کنٹرول روم کو موصول ہو جائے گا، جس سے بروقت کارروائی ممکن بنائی جاسکے گی۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق ڈرائیورز بھی ہنگامی صورتحال میں اسی سسٹم کے ذریعے فوری مدد حاصل کر سکیں گے۔ گاڑی کی ملکیت تبدیل ہونے کی صورت میں پرانا کیو آر پینک بٹن خودکار طور پر غیر فعال ہو جائے گا اور نئے مالک کے ریکارڈ کی اپ ڈیٹ کے بعد نیا کوڈ جاری کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب کے مطابق یہ سسٹم پولیس اور شہریوں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنائے گا جبکہ ٹیکنالوجی اور اسمارٹ پولیسنگ کے امتزاج سے عوامی تحفظ کا نیا معیار قائم کیا جا رہا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک جامع ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔