سرکاری حج اسکیم 2026: پاکستانیوں کے فریضۂ حج پر 139 ارب روپے سے زائد اخراجات

image

سرکاری حج اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانی عازمین نے فریضۂ حج ادا کیا، جبکہ مجموعی طور پر حج آپریشن پر 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روزہ طویل حج پروگرام کا انتخاب کیا۔ مجموعی حاجیوں میں لانگ حج پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کا تناسب 65.2 فیصد رہا، جبکہ ہر حاجی نے اس پروگرام کے لیے اوسطاً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔

دوسری جانب 41 ہزار 467 عازمین نے 20 سے 22 روزہ مختصر حج پروگرام کے تحت فریضۂ حج ادا کیا۔ شارٹ حج پروگرام کا انتخاب کرنے والے عازمین کا تناسب 34.8 فیصد رہا اور ہر حاجی نے اوسطاً 12 لاکھ روپے خرچ کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 ہزار 114 خواتین نے فریضۂ حج ادا کیا، جو مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 43.5 فیصد بنتا ہے۔ جبکہ 65 ہزار 182 مرد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی، جن کا تناسب 56.5 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال حج آپریشن کے دوران عازمین کو سفری، رہائشی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے وسیع انتظامات کیے گئے، جن پر مجموعی طور پر 139 ارب روپے سے زائد اخراجات آئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US