بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

image

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور بھی شریک ہوئیں جبکہ پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے حالیہ صورتحال کے تناظر میں اپنی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہے اور انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، اور وہ خود اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے تاکہ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے اسمبلی سے نکالا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دو روز قبل آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا تھا، جبکہ دوسری جانب جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US