پنجاب حکومت نے ماحول دوست اور جدید سفری سہولتوں کے فروغ کے لیے پہلی مرتبہ ای بائیکس رینٹل سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو کم لاگت، آسان اور پائیدار سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی جبکہ شہر بھر میں 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ شہری باآسانی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔
منصوبے کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کے لیے مناسب مقامات فراہم کرے گی جس سے شہریوں کو اہم رہائشی اور تجارتی علاقوں تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کے آغاز سے لاہور میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے، جس سے فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
منصوبے میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اور دیگر ادارے بھی شامل ہوں گے۔ شہری موبائل ایپ کے ذریعے ای بائیکس حاصل کر سکیں گے جس سے کم خرچ اور جدید سفری سہولت میسر آئے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق یہ اقدام ٹریفک کے دباؤ، ایندھن کے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی کا باعث بنے گا۔