پنجاب میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کے دستے طلب کرلیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائے گئے مراسلے میں پاک فوج اور رینجرز کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ محرم الحرام کے اجتماعات اور جلوسوں کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے 39 اضلاع میں مجموعی طور پر 137 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی ہے، جن میں پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں شامل ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے یکم سے 11 محرم الحرام تک مختلف اضلاع کی ضرورت کے مطابق سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صوبے بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور مذہبی اجتماعات کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔