پنجاب اسمبلی نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجیٹائز اور پیپر لیس اسمبلی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
ایوان کی کارروائی کو کاغذ سے مکمل طور پر آزاد کرنے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد آج سے اسمبلی اجلاس بغیر کاغذ کے ڈیجیٹل نظام کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
ایوان میں ارکانِ اسمبلی کے لیے جدید ٹیبلٹس نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اجلاس کا ایجنڈا اور تمام پارلیمانی کارروائی ڈیجیٹل طور پر دستیاب ہوگی۔ مجموعی طور پر 380 ٹیبلٹس نصب کیے گئے ہیں جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے لیے 371 ٹیبلٹس شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت تمام اراکین کو اب کاغذی ایجنڈے کے بجائے ٹیبلٹس کے ذریعے اجلاس سے متعلق تمام مواد فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ یورپی یونین کے آئی پی 5 پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا ہے، جبکہ اس پر پنجاب حکومت یا اسمبلی کی جانب سے کوئی براہ راست مالی اخراجات نہیں کیے گئے۔
ڈیجیٹائزیشن کے لیے خصوصی ایپلیکیشن پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور اسمبلی کی آئی ٹی ٹیم نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے، جسے خاص طور پر پارلیمانی کارروائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ پرنٹنگ کے اخراجات میں بھی کروڑوں روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ یہ قدم ماحول دوست پالیسیوں کے تحت وسائل کے مؤثر استعمال میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔