ایف بی آر کا سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال یکم اکتوبر سے سوشل میڈیا پر اپنی دولت اور پرتعیش طرزِ زندگی کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر ایسے افراد کی فہرستیں تیار کررہا ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مہنگی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، کشتیوں، بنگلوں، فلیٹس اور فارم ہاؤسز کی نمائش تو کرتے ہیں تاہم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراتے۔

حکام کے مطابق ایسے افراد کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور ان سے آمدن، اثاثوں اور مالی ذرائع کی تفصیلات طلب کی جائیں گی تاکہ ان کی ٹیکس ذمہ داریوں کا تعین کیا جاسکے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے نے رواں مالی سال کے دوران سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والے افراد کے حوالے سے جامع ڈیٹا اکٹھا کرلیا ہے، جبکہ ان کی شناخت اور معلومات کے حصول میں نادرا نے بھی معاونت فراہم کی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، ٹیکس چوری کی روک تھام اور معاشی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US