پنجاب حکومت کا ایک ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے میں گندم اور آٹے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے گندم کے ذخائر، قیمتوں اور دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے عوام کو سستا آٹا اور روٹی فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ حکام کے مطابق فلور ملز کو گندم 3300 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جائے گی تاکہ آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جاسکے اور عوام کو ریلیف ملے۔

اجلاس میں پنجاب سے دیگر صوبوں خصوصاً خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے راستے سندھ سے دیگر صوبوں کو گندم کی ترسیل روکنے سے متعلق اطلاعات درست نہیں ہیں اور اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کے ذخائر کی تفصیلات جمع کرنے اور اسٹاک ڈکلیئر کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ مکمل ڈیٹا جلد مرتب کرلیا جائے گا۔ بریفنگ کے مطابق رواں سال گندم کا دانہ نسبتاً چھوٹا ہونے کے باعث صوبے کی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذخائر کا جامع ریکارڈ تیار کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پنجاب اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے بعد خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US