جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کال، میرپور ڈویژن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

image

آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی 9 جون کو احتجاجی تحریک اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کے پیش نظر میرپور ڈویژن میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

پولیس اور دیگر اداروں نے میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے مبینہ تعلق رکھنے والے 94 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، ڈنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ڈی آئی جی میرپور کامران علی نے کہا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی اشتعال انگیز سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ ان کے مطابق پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر چوکس ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل مذاکرات، آئینی اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے ممکن ہے، جبکہ تشدد اور محاذ آرائی کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کالعدم تنظیم کی کال پر امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

کامران علی نے مزید بتایا کہ میرپور ڈویژن میں حساس مقامات پر نگرانی اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ 9 جون کے تناظر میں تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US