وزیراعظم کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری عمل تیز کرنے کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے عمل پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور تمام مراحل کو مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط اور مؤثر ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جائے تاکہ صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کی جائے گی۔ حکام کے مطابق ان کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کیا جاچکا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی ان تینوں ڈسکوز کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے رواں ماہ سے روڈ شوز کا انعقاد بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھی خصوصی روڈ شوز منعقد کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، مشیر وزیراعظم برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US