الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے پانچ انتخابی حلقوں کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا ہے اور متعلقہ ریٹرننگ افسران کو حتمی نتائج جاری کرنے سے منع کردیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انعقاد تک ان حلقوں کے نتائج روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے تحت ضلع دیامر کے تین حلقوں جی بی اے-15، جی بی اے-16 اور جی بی اے-17 کے نتائج روک دیے گئے ہیں۔ اسی طرح سکردو کے حلقہ جی بی اے-8 اور استور کے حلقہ جی بی اے-13 کے نتائج بھی تاحکم ثانی جاری نہیں کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو پوسٹل بیلٹس کی اسکروٹنی اور گنتی کا عمل بھی روکنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔