لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقدمے میں تفتیشی عمل اور افسر کے متضاد مؤقف پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڈ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے ملزمان ماجد منیر اور ضیاء الرحمن کی عبوری درخواست ضمانتوں کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران اور ملزمان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ڈی پی او سے استفسار کیا کہ آیا انہوں نے مقدمے کے ریکارڈ اور تفتیش کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ جس پر ڈی پی او نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مطابق ملزم ضیاء الرحمن کی گرفتاری ضروری نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ سماعت پر تفتیشی افسر نے گرفتاری کو ناگزیر قرار دیا تھا جبکہ اب عدالت کے سامنے مؤقف بالکل مختلف پیش کیا جا رہا ہے جو تشویشناک ہے۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے ناقص تفتیش اور مؤقف میں تضاد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او کو ہدایت دی کہ متعلقہ افسر کے خلاف کی گئی کارروائی کی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔