راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 جون 2026 کو بلوچستان کے ضلع بسیمہ کے علاقے نال میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق دہشت گرد علاقے میں واقع ایک پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) شروع کیا تاکہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں روکا گیا اور انہیں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر سپوت لانس حوالدار محمد عباس نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو تلاش کرکے ختم کیا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔