مری ایکسپریس وے پر پی ٹی ڈی سی ٹورسٹ اسپاٹ کے قریب سیاحوں سے بھری وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق آگ انتہائی تیزی سے پھیلی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مسافر وین میں سوار 23 افراد کا تعلق ملتان سے تھا مسافر رات 2 بجے ملتان سے مری کے سفر پر نکلے تھے گاڑی اوور اسپیڈ ہونے کے باعث سائیڈ دیوار سے جاٹکرائی جس سے گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور سلائیڈنگ دروازہ بھی لاک ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس، ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔