الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ: نئے بجٹ میں پیٹرول ڈیزل گاڑیوں پر کاربن لیوی عائد کرنے کی تیاری

image

وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بڑی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر کاربن لیوی عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ مقامی سطح پر تیار کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں کو خصوصی مراعات دینے کی تجویز زیر غور ہے۔

حکام کے مطابق 2 ہزار سی سی سے زائد انجن صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں پر 10 سے 19.5 فیصد تک کاربن لیوی نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد روایتی پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

رپورٹ کے مطابق درآمدی پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں پر مرحلہ وار ٹیرف متعارف کرانے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جبکہ حکومت کو گاڑیوں پر مجوزہ کاربن لیوی سے آئندہ پانچ برسوں میں 142 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق نئی آٹو پالیسی میں ہائبرڈ گاڑیوں پر موجودہ ٹیکس برقرار رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ بیٹریوں، الیکٹرک موٹرز اور دیگر متعلقہ پرزہ جات پر کسٹم ڈیوٹی کم کرکے صرف ایک فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح الیکٹرک گاڑیوں کے پرزوں پر سیلز ٹیکس بھی ایک فیصد مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مجوزہ پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، کیپٹل ویلیو ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس سے مکمل استثنا دینے کی تجویز بھی شامل ہے، جس کا مقصد ملک میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اور مقامی الیکٹرک آٹو انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

حتمی منظوری کی صورت میں ان تجاویز کا اعلان وفاقی بجٹ کے ساتھ متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US