وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مسلسل مشاورت جاری ہے اور وہ بھرپور تعاون و معاونت پر تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں نے عوامی مفاد اور معاشی ترقی کے لیے باہمی تعاون سے اہم فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مشکلات کے باوجود تمام متعلقہ اداروں اور حکومتوں نے مل کر آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ گزشتہ رات ان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں عالمی مالیاتی فنڈ کی نمائندہ نے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، برآمدات میں اضافہ، پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا اور مجموعی معاشی ترقی حکومت اور تمام صوبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خاطر خواہ وسائل درکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ معاشی چیلنجز کے باوجود زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا اور دفاعی ضروریات کے لیے فنڈز کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جاسکے گا۔